الیکشن

ڈی آئی خان میں خودکش حملہ، پی ٹی آئی امیدوار اکرام اللہ گنڈاپور زخمی

ڈی آئی خان: تحصیل کولاچی میں خود کش حملے کے نتیجے میں تحریک انصاف کے امیدوار اکرام اللہ گنڈاپور سمیت 6 افراد زخمی ہوگئے۔

جیو نیوز کے مطابق ڈیرہ اسماعیل خان کی تحصیل کولاچی میں خود کش حملے کے نتیجے میں تحریک انصاف کے امیدوار اکرام خان گنڈاپور سمیت 6 افراد زخمی ہوگئے، واقعہ کے بعد امدادی ٹیموں نے جائے وقوعہ سے زخمیوں کو قریبی اسپتال منتقل کیا جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جارہی ہے۔

پولیس کے مطابق پی ٹی آئی امیدوار اکرام خان گنڈاپور انتخابی مہم کے لیے جیسے ہی گھر سے نکل کر گاڑی میں بیٹھے کہ اسی دوران حملہ آور نے خود کو دھماکے سے اڑالیا جس کے نتیجے میں اکرام اللہ گنڈا پور، سابق ناظم یو سی درابن نجیب شاہ اور ڈرائیور رمضان زخمی ہوگئے جنہیں ڈی ایچ کیو اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

پولیس کے مطابق دھماکہ خودکش تھا اور دہشت گرد کے اعضا قبضے میں لے لیے ہیں جب کہ سیکیورٹی فورسز نے جائے وقوعہ کو گھیرے میں لے لیا ہے اور مزید شواہد اکھٹے کیے جارہے ہیں۔ اکرام خان گنڈاپور پی کے 99 سے پی ٹی آئی کے امیدوار ہیں جب کہ وہ سابق صوبائی وزیر بھی رہ چکے ہیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے مستونگ میں بلوچستان عوامی پارٹی کی انتخابی مہم کے دوران خود کش حملے کے نتیجے میں سابق وزیراعلیٰ بلوچستان نواب اسلم رئیسانی کے چھوٹے بھائی سراج رئیسانی سمیت 128 افراد شہید جب کہ 150 افراد زخمی ہوگئے۔

اس سے قبل بنوں کے علاقے میں جے یو آئی (ف) کے رہنما اکرم خان درانی کے قافلے کے قریب بم دھماکے کے نتیجے میں 5 افراد جاں بحق اور 30  زخمی ہوگئے تھے تاہم اکرم درانی اس حملے میں محفوظ رہے جب کہ 3 روز قبل پشاور کے علاقے یکہ توت میں عوامی نیشنل پارٹی کی کارنر میٹنگ کے دوران دھماکے میں عوامی نیشنل پارٹی کے مرحوم رہنما بشیر بلور کے بیٹے اور اے این پی کے ’پی کے 78‘ کے انتخابی امیدوار ہارون بلور سمیت 13 افراد شہید ہوگئے تھے۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

This site uses Akismet to reduce spam. Learn how your comment data is processed.

Close