پاکستان

ڈی جی آئی ایس پی آر کا جسٹس شوکت عزیز کے الزامات کی تحقیقات کا مطالبہ

راولپنڈی: پاک فوج کے ترجمان میجر جنرل آصف غفور نے اسلام آباد ہائیکورٹ کے جج جسٹس شوکت عزیز صدیقی کی جانب سے ریاستی اداروں پر لگائے جانے والے الزامات کی تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔ 

ڈی جی آئی ایس پی آر نے ٹوئٹر پر جاری بیان میں اسلام آباد ہائیکورٹ کے سینئر جج جسٹس شوکت عزیز صدیقی کی تقریر پر ردعمل کا اظہار کیا اور کہا کہ اسلام آباد ہائیکورٹ کے معزز جج نے عدلیہ اور سیکیورٹی ایجنسیوں سمیت ملک کے اہم اداروں پر سنگین الزامات لگائے ہیں۔

ترجمان پاک فوج نے کہا کہ ملکی اداروں کے وقار اور تکریم کے تحفظ کے لیے سپریم کورٹ اپنا کردار ادا کرے۔

چیف جسٹس پاکستان جسٹس میاں ثاقب نثار نے بھی آج کراچی میں مقدمات کی سماعت کے دوران کہا تھا کہ اسلام آباد کے ایک جج کا بیان پڑھا جس پر بہت افسوس ہوا، بطور عدلیہ سربراہ یقین دلاتا ہوں کہ ہم پر کسی کا دباؤ نہیں۔

جسٹس میاں ثاقب نثار کا مزید کہنا تھا کہ ہم پوری طرح آزاد اور خود مختار کام کر رہے ہیں اور سختی کے ساتھ واضح کر رہا ہوں کہ ہم پر کوئی دباؤ نہیں۔

یاد رہے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ کے سینئر جج جسٹس شوکت عزیز صدیقی نے گزشتہ روز راولپنڈی بار سے خطاب کے دوران کہا تھا کہ موجودہ ملکی حالات کی 50 فیصد ذمہ داری عدلیہ اور باقی 50 فیصد دیگر اداروں پر عائد ہوتی ہے۔

جسٹس شوکت عزیز صدیقی کا مزید کہنا تھا کہ اُن سے کہا گیا کہ یقین دہانی کرائیں کہ مرضی کے فیصلے کریں گے تو آپ کے ریفرنس ختم کرا دیں گے اور انہیں نومبر کے بجائے ستمبر میں اسلام آباد ہائیکورٹ کا چیف جسٹس بنوانے کی بھی پیش کش کی گئی۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

This site uses Akismet to reduce spam. Learn how your comment data is processed.

Close