الیکشن

این اے 60 میں الیکشن کرانے کے لئے شیخ رشید کی درخواست مسترد

سپریم کورٹ  نے این اے 60 میں الیکشن ملتوی کرنے سے متعلق لاہورہائی کورٹ کے فیصلے کے خلاف شیخ رشید کی درخواست مسترد کردی ہے۔

ایکسپریس نیوزکے مطابق سپریم کورٹ نے راولپنڈی کے حلقہ این اے 60 میں الیکشن کرانے کی شیخ رشید کی درخواست مسترد کردی گئی ہے، اور این اے 60 میں انتخابات ملتوی کرنے کا فیصلہ بر قراررکھا ہے۔ عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے این اے 60 میں الیکشن ملتوی کیے جانے کے لاہورہائی کورٹ کے فیصلے کو سپریم کورٹ میں چیلنج کیا تھا اور اپنے وکیل ایڈوکیٹ سردارعبدالرازق کی وساطت سے درخواست دائر کی تھی جس میں مؤقف پیش کیا گیا کہ کسی بھی حلقے کا الیکشن کسی امیدوار کے انتقال پر ہی ملتوی ہوسکتا ہے لیکن یہ پہلا موقع ہے کہ عمرقید کے مجرم کے لیے الیکشن ملتوی ہوا، لاہور ہائی کورٹ نے بھی قانون کو مدنظرنہیں رکھا اور الیکشن کمیشن کا نوٹیفکیشن برقرار رکھا، عدالت سے استدعا ہے کہ الیکشن کمیشن کا نوٹی فکیشن کالعدم قرار دیتے ہوئے شیڈول کے مطابق حلقہ 60 میں الیکشن کا حکم دیا جائے۔

چیف جسٹس ثاقب نثار کی سربراہی میں عدالت عظمیٰ کے فاضل بنچ نے لاہوررجسٹری میں شیخ رشید کی درخواست پرسماعت کی، سپریم کورٹ نے شیخ رشید کی این اے 60 میں انتخابات کروانے کی استدعا مسترد کردی ہے اور الیکشن کمیشن کو نوٹس جاری کردیا گیا ہے کہ 25 جولائی کو حلقے میں انتخابات کے ملتوی ہونے کے فیصلے کو برقرار رکھا جائے۔

واضح رہے کہ حلقہ این اے 60 سے مسلم لیگ (ن) کے امیدوار حنیف عباسی کو ایفیڈرین کیس میں عمر قید کی سزا سنائی گئی تھی اور الیکشن کمیشن کی جانب سے حلقے میں انتخابات ملتوی کرنے کا نوٹی فکیشن جاری کیا گیا جسے عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے لاہورہائی کورٹ میں چیلنج کیا تھا جو مسترد کردیا گیا تھا۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

This site uses Akismet to reduce spam. Learn how your comment data is processed.

Close