الیکشن

پہلی بار قومی اسمبلی پہنچنے والی اہم سیاسی شخصیات

عام انتخابات کے بعد جہاں بڑی سیاسی شخصیات قومی اسمبلی سے آؤٹ ہوچکی ہیں تو وہیں کچھ اہم سیاسی رہنما پہلی بار ایوان زیریں میں پہنچے میں کامیاب ہوئے ہیں۔

عام انتخابات 2018 کا انتخابی عمل پورا ہوچکا ہے جس کے بعد پاکستان تحریک انصاف مخلوط حکومت بنانے کی پوزیشن میں آگئی ہے جب کہ مسلم لیگ (ن) دوسری اور پیپلزپارٹی تیسری بڑی جماعت بن کر ابھری ہے۔

انتخابات کے بعد پارلیمنٹ میں بڑے بڑے نام پہنچنے میں ناکام ہوئے ہیں جس میں مولانا فضل الرحمان، سراج الحق، اسفندیار ولی خان، فاروق ستار ، محمود خان اچکزئی اور چوہدری نثار، شاہد خاقان عباسی سمیت کئی سیاستدان شامل ہیں۔

لیکن اس انتخابات کے بعد چند ایسے بڑے نام بھی ہیں جو پہلی بار قومی اسمبلی تک پہنچنے میں کامیاب ہوئے ہیں اور ان میں سب بڑا نام بلاول بھٹوزرداری کا ہے۔

بلاول بھٹو زرداری

انتخابی مہم کے دوران بلاول بھٹو کا انداز — فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر اکاؤنٹ 

بلاول بھٹو زرداری پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین ہیں اور انہوں نے پہلی بار عام انتخابات میں حصہ لیا ہے۔

بلاول بھٹو نے ملک بھر سے 3 حلقوں سے الیکشن میں حصہ لیا لیکن انہیں کامیابی صرف لاڑکانہ کے حلقہ این اے 200 سے ملی۔

بلاول نے متحدہ مجلس عمل کے راشد سومرو کو شکست دی ہے جب کہ وہ لیاری اور مالاکنڈ سے ہار گئے ہیں۔

رانا ثناء اللہ 

رانا ثناء اللہ الیکشن میں کامیابی کے بعد حامیوں کے ہمراہ — فوٹو: بشکریہ فیس بک پیج

مسلم لیگ (ن) کے سابق صوبائی وزیر قانون رانا ثناء اللہ بھی پہلی بار قومی اسمبلی میں پہنچنے والے ارکان میں شامل ہیں۔ اس سے پہلے وہ پنجاب اسمبلی کے انتخابات جیتتے رہے ہیں لیکن اس بار انہوں نے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 106 پر پی ٹی آئی کے امیدوار کو شکست دی اور پارلیمنٹ میں انٹری کیلئے تیار ہیں۔

رانا ثناء اللہ نے 106319 ووٹ لیے ہیں جب کہ ان کے مدمقابل تحریک انصاف کے امیدوار نثار جٹ نے 103799 ووٹ حاصل کیے۔

علی زیدی

علی زیدی الیکشن والے روز کارکنوں کے ہمراہ — فوٹو؛ فیس بک 

 علی زیدی پاکستان تحریک انصاف کے سینیئر نائب صدر ہیں اور پارٹی چیئرمین عمران خان کے دیرینہ ساتھی بھی ہیں۔

انہوں نے این اے 244 کراچی سے الیکشن میں حصہ لیا اور کامیابی حاصل کی۔علی زیدی 69475 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے جبکہ ان کے مدمقابل مسلم لیگ (ن) کے مفتاح اسماعیل نے 31247 ووٹ لیے۔

فواد چوہدری

فواد حسین جیت کے بعد پارٹی چیئرمین کے ساتھ فتح والی سیلفی — فوٹو: بشکریہ فواد حسین ٹوئٹر

فواد چوہدری کئی سیاسی جماعتیں تبدیل کرنے کے بعد پاکستان تحریک انصاف میں شامل ہوئے تھے اور عام انتخابات  میں انہیں این اے 67 جہلم سے ٹکٹ جاری کیا گیا تھا۔

فواد چوہدری نے اپنے مدمقابل مسلم لیگ (ن) کے راجہ مطلوب مہدی کو 10 ہزار سے زائد ووٹوں سے شکست دی۔ انہوں نے 93102 ووٹ لے کر کامیابی حاصل کی جبکہ ان کے مدمقابل راجہ مطلوب 82475 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔

پہلی بار اسمبلی جانے والوں میں فواد چوہدری بھی شامل ہیں اور ان کا نام بھی وفاقی کابینہ میں شامل کیے جانے کا امکان ہے۔

فیصل واوڈا 

فیصل واڈا جیت کے بعد حلقے کا دورہ کرتے ہوئے — فوٹو: فیس بک 

فیصل واوڈا کراچی میں تحریک انصاف کا بڑا نام ہیں اور انہوں نے مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف کو کراچی میں شکست دی ہے۔

فیصل واوڈا نے کراچی کے حلقے این اے 249 سے انتخابات میں حصہ لیا اور 35344 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے جبکہ ن لیگ کے صدر شہباز شریف 34626 ووٹ حاصل کرکے دوسرے نمبر رہے۔

علی امین گنڈا پور

علی امین اپنے حلقے میں جیت کا جشن مناتے ہوئے — فوٹو: ٹوئٹر 

علی امین گنڈا پور بھی قومی اسمبلی میں پہلی بار جانے والوں میں شامل ہیں، وہ اس سے پہلے خیبرپختونخوا اسمبلی کا حصہ رہے ہیں اور صوبائی کابینہ میں بھی شامل تھے۔

علی امین گنڈا پور نے ڈیرہ اسماعیل خان سے جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کو اپ سیٹ شکست دی۔

علی امین 80236 ووٹ لے کر کامیاب قرار پائے جب کہ ان کے مدمقابل مولانا فضل الرحمان 45 ہزار ووٹ لے سکے۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

This site uses Akismet to reduce spam. Learn how your comment data is processed.

Close