پاکستان

انتخابات کے روز آر ٹی ایس کی خرابی کی انکوائری کا فیصلہ

اسلام آباد: الیکشن کمیشن نے انتخابات کے روز رزلٹ ٹراسمیشن سسٹم (آر ٹی ایس) کی ناکامی کی انکوائری کا فیصلہ کیا ہے۔

الیکشن کمیشن کی جانب سے آر ٹی ایس کی خرابی کی انکوائری کے لیے کابینہ ڈویژن کو خط لکھا گیا ہے جس میں زرلٹ ٹرانسمیشن سسٹم کی خرابی کی انکوائری کے لیے کمیٹی تشکیل دینے کی سفارش کی گئی ہے۔

کابینہ ڈویژن کو لکھے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ انکوائری کمیٹی میں پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) اور این ٹی آئی ایس بی کے تکنیکی ماہرین کو شامل کیا جائے۔

الیکشن کمیشن کی جانب سے کمیٹی میں آئی ٹی سیکیورٹی بورڈ اور پی ٹی اے کے ماہرین کو شامل کرنے کی سفارش بھی کی گئی ہے۔

الیکشن کمیشن نے کمیٹی کو چار ہفتوں میں اپنی رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی ہے۔

خیال رہے کہ 25 جولائی کو ہونے والے عام انتخابات کے روز الیکشن کمیشن کی جانب سے بنائے گئے  زرلٹ ٹرانسمیشن سسٹم میں خرابی آ گئی تھی۔

آر ٹی ایس میں خرابی کی وجہ سے انتخابی حلقوں کے نتائج میں گھنٹوں تاخیر ہوئی تھی۔

سیاسی جماعتوں کی جانب سے الیکشن میں منظم دھاندلی کا الزام عائد کرتے ہوئے الیکشن کمیشن سے پوچھا گیا تھا کہ بتایا جائے آر ٹی ایس بیٹھ گیا تھا یا جان بوجھ کر بٹھایا گیا تھا؟

دوسری جانب ذرائع الیکشن کمیشن کا بتانا ہے کہ الیکشن کے روز زرلت ٹرانسمیشن سسٹم بیٹھا نہیں تھا بلکہ آر اوز کی جانب سے ایک ساتھ نتائج بھیجنے کی وجہ سے سسٹم سلو ہو گیا تھا۔

سیاسی جماعتوں کی جانب سے چیف الیکشن کمشنر سردار رضا محمد خان سے مستعفی ہونے کا مطالبہ بھی کیا گیا جسے سیکریٹری الیکشن کمیشن نے مسترد کر دیا تھا۔

سیکریٹری الیکشن کمیشن بابر یعقوب کی جانب سے سیاسی جماعتوں کو آر ٹی ایس میں خرابی کی مکمل تحقیقات کرنے کی یقین دہانی کرائی گئی تھی۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

This site uses Akismet to reduce spam. Learn how your comment data is processed.

Close