پاکستان

منی لانڈرنگ اسکینڈل؛ آصف زرداری اور فریال تالپور کی جے آئی ٹی میں پھرعدم پیشی

اسلام آباد: پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف زرداری اور ان کی ہمشیرہ فریال تالپور منی لانڈرنگ اسکینڈل کی تفتیش کے لیے ایف آئی اے کی تحقیقاتی ٹیم کے روبرو ایک بار پھر پیش نہیں ہوئے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق ایف آئی اے کی اربوں روپے کی منی لانڈرنگ سے متعلق معاملے کی تحقیقات کرنے والی جے آئی ٹی نے آصف زرداری اور ان کی ہمشیرہ فریال تالپور کو ہفتے کو پھر بیان ریکارڈ کرانے کے لیے طلب کیا تھا تاہم دونوں رہنما پیش نہ ہوئے، دونوں شخصیات کے مشترکہ وکیل فاروق ایچ نائیک کے معاون ایف آئی اے حکام کے سامنے پیش ہوئے اور انہوں نے حکام کو آصف زرداری اور فریال تالپور کی مصروفیات سے متعلق آگاہ کرتے ہوئے موقف اختیار کیا کہ الیکشن کمیشن میں اثاثوں کی تفصیلات جمع کرانے کا آج آخری روز ہے اس لئے آصف زرداری نواب شاہ جب کہ فریال تالپور اس وقت لاڑکانہ میں موجود ہیں، جس کی وجہ سے وہ ایف آئی اے کے روبروپیش نہیں ہوسکتے۔

دوسری جانب فریال تالپور نے ایف آئی اے سے معاملے کی تفتیش کرنے والی جے آئی ٹی کے سربراہ کی تبدیلی کا بھی مطالبہ کردیا۔ فریال تالپور نے اپنے وکیل فاروق ایچ نائیک کے توسط سے نئی جے آئی ٹی تشکیل دینے کے لئے ایف آئی اے کو درخواست دے دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ فریال تالپور ایف آئی اے سے مکمل تعاون کرنا چاہتی ہیں۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

This site uses Akismet to reduce spam. Learn how your comment data is processed.

Close