پاکستانسیاست

عمران خان کا پنجاب کی وزراتِ اعلیٰ نوجوان کو سونپنے کا اعلان

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے پنجاب کی وزراتِ اعلیٰ نوجوان کو سونپنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ نوجوان کلین ہوگا اور اس پر کوئی سوالیہ نشان نہیں ہوگا۔

اسلام آباد کے مقامی ہوٹل میں تحریک انصاف کی پنجاب پارلیمانی پارٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہاکہ مشکل الیکشن لڑنے پر سب کو مبارک باد دیتا ہوں کیوں کہ سب کو پتا تھا کہ اصل پانی پت کی جنگ پنجاب میں لڑی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ میرے لیے سب سے بڑا عذاب ٹکٹ دینا تھا اور ہم نے ٹکٹ دینے کے عمل کو مزید بہتر کرنا ہے، جہاں ہماری کمزوری ہےاس حلقےمیں ابھی سے کام شروع کرنا ہے۔

چیئرمین تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ ہم نے پارٹی کو ایک ادارہ بنانا ہے، یہ کوئی عام پارٹی نہ ہو جہاں پر سفارش ہو، سب سے زیادہ ذمہ داری پنجاب والوں پر ہے۔

انہوں نے کہاکہ کہ دو قسم کی سیاست ہے، ایک وہ ذاتی سیاست جس میں پیسہ بنانے آتے ہیں اور ذاتی سیاست نے سیاستدانوں کو ذلت دی ہے کیوں کہ ذاتی سیاست میں عوام کا نام لےکر اقتدار میں آکراپنی ذات کا سوچتے ہیں، دوسری سیاست وہ ہے جو پیغمبروں نے کی ہے اور پیغمبر انسانیت کے لیے کھڑے ہوئے ہیں جب کہ میں لوگوں سے وعدہ کرکے آیا ہوں کہ مدینہ کی ریاست بنانی ہے۔

پی ٹی آئی چیئرمین کا کہنا تھا کہ انصاف میرٹ پر کرنا ہے، میں فیصلے میرٹ پر اور قوم کے مفاد کے لیے کروں گا، آپ نے عوام کے پیسے کو اللہ کی امانت سمجھنا ہے اور قوم کا پیسہ بچانا ہے تاکہ عوام کی فلاح پر خرچ کیا جاسکے۔

عمران خان نے کہا کہ پنجاب میں ہمیں بہت سے چیلنجز کا سامنا ہے لہذٰا سب تیار رہیں، نئے پاکستان کا آغاز پنجاب سے ہی ہوگا، پنجاب کے لوگ کئی دہائیوں سے مفلسی کی زندگی گزار رہے ہیں، ہمیں پنجاب کے لوگوں کو ریلیف دینا ہے جب کہ پنجاب پولیس میں کے پی پولیس کے طرز کی اصلاحات لائیں گے اور پنجاب پولیس کو غیر سیاسی اور خود مختار بنائیں گے۔

چیئرمین تحریک انصاف نے بتایا کہ پنجاب کے وزیراعلٰی کے لیے ایک نیا نوجوان لارہا ہوں اور یہ نوجوان کلین ہوگا جس پر کسی قسم کا کوئی سوالیہ نشان نہیں ہوگا، آپ سب اس نوجوان کو سپورٹ کریں، میں جوان اور تجربہ کار کابینہ کی ٹیم لے کر آرہا ہوں۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

This site uses Akismet to reduce spam. Learn how your comment data is processed.

Close