پاکستانسیاست

امیر جوگیزئی کو گورنر بنائے جائے کی خبر میں صداقت نہیں، ترجمان وزیراعظم

اسلام آباد: ترجمان وزیراعظم ہاؤس کا کہنا ہے کہ ڈاکٹر امیر محمد خان جوگیزئی کو گورنر بلوچستان بنائے جائے کی خبر میں صداقت نہیں۔

وزیراعظم ہاؤس کے ترجمان کا کہنا ہے کہ امیر خان جوگیزئی کو گورنر بلوچستان کا عہدہ دینا تجویز تھی، حتمی فیصلہ نہیں تھا۔

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ امیر محمد خان سے متعلق سامنے آئے بعض شواہد کی بنا پر انہیں گورنر کا عہدہ دینے کی تجویز پر مزید پیشرفت نہیں ہوئی۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز امیر محمد خان جوگیزئی کو گورنر بلوچستان کے عہدے کے لیے نامزد کیا گیا تھا جس کے بعد ان کے خلاف نیب میں زیر تفتیش مقدمات کی خبریں آنے کے بعد ان کی عہدہ لینے سے معذرت کی خبریں بھی سامنے آئیں۔

بعدازاں ایک ویڈیو بیان کے ذریعے انہوں نے عہدہ قبول کرنے سے معذرت کی خبروں کی تردید کی اور کہا کہ انہوں نے گورنر کا عہدہ قبول کرنے سے معذرت نہیں کی، ان کے خلاف کوئی ایف آئی آر یا کیس نہیں ہے، وزیراعظم عمران خان کا شکر گزار ہوں جنہوں نے عہدے کے لیے نامزد کیا۔

ڈاکٹر امیر محمد جوگیزئی کوئٹہ کڈنی سینٹر میں چیف ایگزیکٹو تعینات تھے اور ان پر کڈنی سینٹر کے لیے طبی آلات اور سامان کی خریداری کے فنڈز میں خرد برد کا الزام ہے تاہم انہوں نے ان الزامات کی تردید کی ہے۔

ترجمان قومی احتساب بیور (نیب) کے مطابق ڈاکٹر امیر محمد جوگیزئی کے خلاف تحقیقات آخری مراحل میں ہے اور ان کے خلاف جلد ریفرنس دائر کئے جانے کا امکان ہے۔

واضح رہے کہ ڈاکٹر امیر محمد خان جوگیزئی میڈیکل کے شعبے میں بطور چائلڈ اسپیشلسٹ 32 سالہ تجربہ رکھتے ہیں اور بولان میڈیکل کالج (بی ایم سی) کوئٹہ میں ڈھائی سال بحیثیت رجسٹرار فرائض انجام دے چکے ہیں۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

This site uses Akismet to reduce spam. Learn how your comment data is processed.

Close