بزنس

علی بابا کے شریک بانی اور ایگزیکٹو چیئرمین جیک ما کا عہدہ چھوڑنے کا اعلان

بیجنگ : دنیا کی معروف ترین آن لائن ای کامرس کمپنیوں میں سے ایک چینی کمپنی علی بابا کے شریک بانی اور ایگزیکٹو چیئرمین جیک ما نے اپنا عہدہ چھوڑنے کا اعلان کردیا۔

جیک ما کی جانب سے اپنے عہدے سے سبکدوش ہونے کے اعلان نے پوری دنیا کے کاروباری اداروں کو تشویش میں مبتلا کردیا ہے، تاہم معروف کاروباری نشریاتی اداروں نے لکھا ہے کہ ان کی جانب سے عہدے کو چھوڑنا ایک دور کا اختتام نہیں بلکہ نئے دور کا آغاز ہوگا۔

خیال رہے کہ 53 سالہ جیک ما نے دیگر 18 افراد کے ساتھ مل کر 1999 میں معروف آن لائن تجارتی ویب سائٹ علی بابا کو بنایا تھا۔

اس ویب سائٹ کو بنانے کا مقصد چین کی مصنوعات کو عالمی منڈیوں اور دیگر ممالک تک آسانی سے پہنچانا تھا۔ ابتدائی چند سالوں میں اس کمپنی کو کئی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، تاہم اس وقت علی بابا کا شمار دنیا کی بڑی آن لائن ای کامرس کمپنیوں اور ویب سائٹس میں ہوتا ہے۔

ایک رپورٹ کے مطابق اس وقت علی بابا کے کل وقتی ملازمین کی تعداد 66 ہزار ہے اور اس کے اثاثوں کی مالیت 4 سو 20 ارب ڈالر ( پاکستانی 420 کھرب روپے سے زائد ) ہے۔

جیک ما جہاں اس کمپنی کے شریک بانی تھے، وہیں انہوں نے گزشتہ کئی سال سے اس کمپنی کے اعلیٰ ترین عہدے یعنی ایگزیکٹو چیئرمین پر کام کرتے ہوئے کمپنی کو مزید تقویت بخشی۔

تاہم اب جیک ما نے علی بابا کے ایگزیکٹو چیئرمین کے عہدے سے استعفی دینے کا اعلان کردیا ہے اور وہ پیر 10 ستمبر کو عہدے سے سبکدوش ہوجائیں گے۔

رپورٹ کے مطابق جیک ما اب علی بابا کے لیے خدمات دینے کے بجائے تعلیم اور انسانی فلاح و بہبود کے دیگر منصوبوں پر کام کرنا چاہتے ہیں۔

ایگزیکٹو چیئرمین کے عہدے سے ریٹائرمنٹ لیے جانے کے باوجود جیک ما علی بابا کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے رکن بھی ہوں گے اور وہ اس کمپنی کے شریک بانی بھی رہیں گے۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

This site uses Akismet to reduce spam. Learn how your comment data is processed.

Close