پاکستان

قائداعظم کے بعد اس صدی میں عمران خان اور اردگان بس دو ہی لیڈر ہیں،بشریٰ بی بی

لاہور:وزیراعظم عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کا کہنا ہے کہ قوم کو اب ایسا لیڈر ملا ہے جس کے دل میں کوئی لالچ نہیں ہے۔

وزیراعظم عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی نے کہا ہے کہ قائداعظم کے بعد اس صدی میں عمران خان اور اردگان بس دو ہی لیڈر ہیں، عمران خان سے شادی کے بعد ہم دونوں کی زندگی بدل گئی، شادی کے بعد پتا چلا کہ صرف عبادت کافی نہیں لوگوں کی خدمت بھی ضروری ہے، ملک میں خوشحالی آنے میں تاخیر ہو سکتی ہے مگر آئے گی ضرور اور عمران خان ہی لے کر آئیں گے۔

نجی ٹی وی ‘ہم نیوز’ کو انٹرویو میں خاتون اول بشریٰ بی بی نے کہا کہ ‘ میں اسلام آباد سے ابتدائی تعلیم حاصل کی، میری شادی بہت جلد ہوگئی تھی، رب نے مجھے مہارانی کی طرح رکھا، زندگی میں سیکھا عبادت بہت ضروری ہے، میری ساری زندگی جائے نماز پر گزری’۔

بشریٰ بی بی نے عمران خان کے حوالے سے کہا کہ ‘ایک دوسرے کی وجہ سے ہمارے اندر تبدیلی آئی، خان صاحب کتے کو پیار کرتے ہیں، اس کی دیکھ بھال میں کرتی ہوں’۔

خان صاحب کے کھانے پینے میں کوئی نخرے نہیں، بشریٰ بی بی

انہوں نے کہا کہ ‘عمران خان بہت سادہ انسان ہیں انہیں کسی چیز کی لالچ نہیں، کوئی لیڈر ایسا ہوگا جس کے پاس صرف دوتین سوٹ ہوں؟ خان صاحب کپڑوں کے معاملے میں بے پروا ہیں، خان صاحب کے کھانے پینے میں کوئی نخرے نہیں، انہیں کسی چیز کی لالچ نہیں، جس کی ایسی شخصیت ہو وہ کامیاب انسان ہوتا ہے’۔

بشریٰ بی بی نے مزید کہا کہ ‘سیاستدان اور لیڈرمیں فرق ہوتا ہے، اس صدی میں لیڈر عمران خان اور ترک صدر اردوان ہیں، قوم کو ایسا لیڈر ملا جسے کوئی لالچ نہیں’۔

وزیراعظم عمران خان کی اہلیہ نے کہا کہ ‘ایسا نہیں کہ خان صاحب کے پاس جادو کی چھڑی ہے، تبدیلی آنے میں تھوڑا وقت لگے گا، خان صاحب محنت پاکستانی عوام کیلئے کررہے ہیں، پاکستان کی تقدیرعمران خان ہی بدلیں گے، پاکستان کو خان صاحب ہی اوپر اٹھائیں گے، لگتا ہے اللہ نے یہ لکھ دیا ہے’۔

بشریٰ بی بی نے کہا کہ عمران خان کو سیاستدان نہیں کہا جاسکتا، اللہ نے ہدایت کا وقت مقرر کر رکھا ہے، اب خان صاحب کی زندگی اللہ اوررسول ﷺ کی محبت میں ہے۔

میری پہچان میرا پردہ ہے، بشریٰ بی بی

خاتون اول نے کہا کہ میری پہچان میرا پردہ ہے، ہر پیر کو روزہ رکھتی ہوں، گھر سے نکلی توعدت پوری کرکے نکلی تھی، پردے کا تعلق میری ذات اور رب سے ہے، سراہا نہیں جاسکتا تو پردے کے معاملے پر تنقید نہیں کرنی چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ ‘مجھےکبھی خواب میں نبی کریمﷺ کی زیارت نہیں ہوئی اور نہ ہی یہ کہا گیا کہ خان صاحب سے شادی کرلوں۔ میں سوشل میڈیا استعمال نہیں کرتی، عبادت کا تعلق انسانی کی اپنی ذات سے ہے۔

بشریٰ بی بی نے بتایا کہ وہ عمران خان کے سونے کے بعد مطالعہ کرتی ہیں، سوشل میڈیا استعمال نہیں کرتیں اور نہ ہی ان کا کوئی اکاؤنٹ ہے۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

This site uses Akismet to reduce spam. Learn how your comment data is processed.

Close