پاکستان

رانا مشہود کا بیان بے بنیاد اور افسوسناک ہے، ترجمان پاک فوج

پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما رانا مشہود کے بیان پر پاک فوج کی جانب سے بھی ردعمل سامنے آیا ہے جس میں ان کے بیان کو بے بنیاد اور افسوسناک قرار دیا گیا ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل آصف غفور کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ‘ رانا مشہود کا بیان بے بنیاد اور افسوسناک ہے’۔

ڈی جی آئی ایس پی آر کے بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ایسے غیر ذمے دارانہ بیانات ملکی استحکام کیلئے نقصان دہ ہیں۔

خیال رہے کہ مسلم لیگ (ن) کے رہنما رانا مشہود نے اپنے بیان میں دعویٰ کیا ہے کہ ن لیگ سے اسٹیبلشمنٹ اور اداروں کے معاملات بہت حد تک ٹھیک ہوچکے ہیں، اداروں کے تِھنک ٹینک کو احساس ہوتا جارہا ہے کہ شہباز شریف وزیر اعظم کیلئے بہتر چوائس تھے۔

انہوں نے مزید کہا کہ شہباز شریف اگر وزیراعظم ہوتے تو ملک کو یہ حالات دیکھنے نہیں پڑتے، شہباز شریف ہمیشہ سے اسٹیبلشمنٹ کےلیے قابل قبول رہے ہیں، الیکشن میں جیتنے والی پارٹی کو گھوڑا سمجھا گیا تھا وہ خچر نکلے، آئندہ 2 ڈھائی ماہ اہم ہیں، پنجاب میں پی ٹی آئی کی اکثریت بہت معمولی ہے، وہاں حالات بدل سکتے ہیں۔

رانا مشہود کے اس بیان پر پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ ‘انہیں کیا پتہ، کیا مذاکرات ہوئے، ان سے تو زمینوں پر قبضے سے متعلق پوچھا جائے، تھانیداروں اور پٹواریوں سے متعلق پوچھا جائے،رانا مشہود کے کچھ بھی کہنے سے کوئی فرق نہیں پڑتا’۔

خود مسلم لیگ ن بھی رانا مشہود کے بیان سے اظہار لاتعلقی کرچکی ہے۔

رانا مشہود کے بیان پر مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ رانا مشہود کا بیان ان کی ذاتی رائے ہے جس کا مسلم لیگ (ن) اور اس کی قیادت سے کوئی تعلق نہیں۔

انہوں نے کہا کہ رانا مشہود کا بیان قابل حیرت اور باعث تعجب ہے اور ان سے بیان پر جواب طلب کیا جا رہا ہے۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

This site uses Akismet to reduce spam. Learn how your comment data is processed.

Close