پاکستان

سابق سینیٹر فیصل رضا عابدی کے انٹرویو کو نشر کرنے والی ویب سائٹ کے مالک ہنس مسرور اور پروڈیوسر احسن سلیم کی ضمانت منظورکرلی

اسلام آباد: سابق سینیٹر فیصل رضا عابدی کے انٹرویو کو نشر کرنے کے کیس میں عدالت نے انٹرویو نشر کرنے والی ویب سائٹ کے مالک ہنس مسرور اور پروڈیوسر احسن سلیم کی ضمانت منظورکرلی۔

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں انسداد دہشت گردی کی عدالت کے جج شاہ رخ ارجمند نے ملزمان کی ضمانت منظور کی۔

دوران سماعت ملزمان کی جانب سے ایڈووکیٹ خرم ابراہیم بیگ عدالت میں پیش ہوئے تھے۔

عدالت نے دونوں ملزمان کی ضمانت منظور کی اور انہیں 80، 80 ہزار روپے کے مچلکے جمع کرانے کا حکم دیا۔

مزید پڑھیں: سابق سینیٹر فیصل رضا عابدی 2 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے

خیال رہے کہ ہنس مسرور اور احسن سلیم کے خلاف تھانہ سیکریٹریٹ میں 2 مقدمات درج ہیں اور دونوں ملزمان جوڈیشل ریمانڈ پر اڈیالہ جیل میں قید ہیں۔

ادھر وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) سائبر ونگ میں درج مقدمے میں درخواست ضمانت پر 3 دسمبر کو سماعت ہوگی۔

کیس کا پس منظر
فیصل رضا عابدی نے ایک ویب ٹی وی کے پروگرام کے دوران عدلیہ اور چیف جسٹس کے خلاف نازیبا زبان استعمال کی تھی۔

جس کے بعد سپریم کورٹ نے اس معاملے کا ازخود نوٹس لیا تھا۔

تاہم چیف جسٹس پاکستان میاں ثاقب نثار نے فیصل رضا عابدی کی جانب سے مبینہ طور پر عدلیہ مخالف بیان دینے سے متعلق از خود نوٹس کیس کی سماعت سے انکار کردیا تھا، جس کے بعد کیس سپریم کورٹ کے دوسرے بینچ کو بھجوا دیا گیا تھا۔

بعد ازاں پولیس کی جانب سے فیصل رضا عابدی کے خلاف انسداد دہشت گردی ایکٹ سمیت دیگر دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا تھا جبکہ ایف آئی اے اور پولیس ان کے خلاف علیحدہ علیحدہ تحقیقات کر رہی تھی۔

ایف آئی اے میں درج ہونے والے مقدمے کے مطابق ویب چینل ‘نیا پاکستان’ پر 2 جولائی کو نشر ہونے والے پروگرام ‘صبح صبح نیا پاکستان’ میں فیصل رضا عابدی نے ارادی طور پر اور مذموم مقاصد کے تحت چیف جسٹس ثاقب نثار کے خلاف نازیبا اور توہین آمیز زبان استعمال کی جو حکومت، عوام اور معاشرے میں خوف اور دہشت پھیلانے کے مترادف ہے۔

یہ بھی پڑھیں: سابق سینیٹر فیصل رضا عابدی کی درخواست ضمانت مسترد

علاوہ ازیں 10 اکتوبر کو فیصل رضا عابدی توہین عدالت کیس میں سپریم کورٹ میں پیش ہوئے تھے، جس کے بعد انہیں دہشت گردی کے مقدمے میں گرفتار کرلیا گیا تھا۔

11 اکتوبر کو اسلام آباد ہائی کورٹ اور انسداد دہشت گردی عدالت نے فیصل رضا عابدی کی اخراج مقدمہ اور عبوری ضمانت کی درخواست خارج کرتے ہوئے انہیں 2 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا تھا۔

تھانہ سیکریٹریٹ پولیس نے دو روزہ ریمانڈ مکمل ہونے پر فیصل رضا عابدی کو ڈسٹرکٹ سیشن جج کی عدالت میں پیش کیا۔

ڈسٹرکٹ سیشن جج نے سابق سینیٹر فیصل رضا عابدی کو 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھجوا دیا تھا۔

جس کے بعد 18 اکتوبر کو اسی کیس میں تھانہ سیکریٹریٹ نے فیصل رضا عابدی کا انٹرویو نشر کرنے والے ویب چینل کے مالک اور پروڈیوسر کو پیش کیا گیا تھا۔

22 اکتوبر کو انسداد دہشت گردی عدالت نے سابق سینیٹر فیصل رضا عابدی کی درخواست ضمانت مسترد کردی تھی.

Show More

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

This site uses Akismet to reduce spam. Learn how your comment data is processed.

Close