پاکستان

تجاوزات آپریشن پر وسیم اختر اور فاروق ستار آمنے سامنے، میئر سے استعفے کا مطالبہ

کراچی: شہر میں تجاوزات کے خلاف آپریشن پر میئر کراچی وسیم اختر اور فاروق ستار آمنے سامنے آگئے اور فاروق ستار نے وسیم اختر سے استعفے کا مطالبہ کردیا۔

کراچی کی انسداد دہشت گردی عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فاروق ستار نے کہا کہ عدالتی احکامات کی آڑ میں لوگوں کو بےروزگار کیا جارہا ہے، آپریشن سے 5 لاکھ افراد متاثر ہوئے ہیں، وسیم اختر کو کراچی بنانے کا ووٹ ملا تھا، برباد کرنے کا نہیں، اب وسیم اختر آکر کراچی سے ووٹ لے کر دکھائیں، شہر کے لوگ بتائیں گے کس کی کیا اوقات ہے اور کون مظلوم کی آواز ہے۔

وسیم اختر کو کراچی بنانے کا ووٹ ملا تھا، برباد کرنے کا نہیں: فاروق ستار

انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ کے حکم پر ناجائز قبضہ ہٹائیں، 50 سالوں سے قائم مارکیٹوں کو نہ ہٹائیں، تجاوازت پر دکاندار تاجروں سے مل کر پالیسی بنائیں، لوگوں کو بیروزگار کرکے جرائم کو بڑھایا جارہا ہے۔

صحافی کے سوال پر کہ کیا آپ کو تحریک انصاف کی جانب سے اگلا میئر بنایا جارہا ہے؟

فاروق ستار نے جواب دیا کہ میں منظور وسان کی طرح ایسے خواب نہیں دیکھتا۔

کے ایم سی آفس کے سامنے احتجاج

ایم کیو ایم پاکستان بحالی کمیٹی کی جانب سے تجاوزات کے خلاف آپریشن کے خلاف کے ایم سی آفس کے سامنے احتجاج کیا گیا جس سے خطاب کرتے ہوئے فاروق ستار نے میئر کراچی سے استعفے کا مطالبہ کردیا۔

فاروق ستار نے کہا کہ تجاوزات کے خلاف آپریشن کے متاثرین کو متبادل نہیں دیا جائے گا، ایک سے ڈیڑھ کروڑ مالیت کی دکانوں کو گرایا گیا اور 5 لاکھ افراد کو بے روزگار کردیا گیا، لوگوں نے منع کیا تھا کہ وسیم اختر کو میئر نہیں بناؤ۔

انہوں نے متاثرین میں 50،50 لاکھ روپے فی کس اور متبادل دینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ بڑے بڑے مال بنانے کی تیاریاں کیں جارہی ہیں،  نجی اسکولوں کو پالیسی بنائے بغیر رہائشی علاقوں سے نہ ہٹایا جائے۔

میں نے کراچی کو برباد کیا تو فاروق ستار نے ایم کیو ایم کو تباہ کیا: وسیم اختر

دوسری جانب میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وسیم اختر نے کہا کہ تجاوزات آپریشن سے متعلق فیصلہ سپریم کورٹ کو کرنا ہے، کے ایم سی کی کرائے پر دی گئی دکانیں توڑی گئیں ہیں، تجاوزات کے بعد ملبہ اٹھانے پر کچھ دن مشکلات کا سامنا کرنا پڑےگا۔

فاروق ستار سے متعلق سوال پر وسیم اختر نے کہا کہ میں فاروق ستار کی باتوں کا کیا جواب دوں، مجھے تو یہ بھی نہیں پتا وہ کونسی جماعت میں ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ اگر میں نے کراچی کو برباد کیا تو فاروق ستار نے ایم کیو ایم کو تباہ کیا ہے۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

This site uses Akismet to reduce spam. Learn how your comment data is processed.

Close