پاکستان

کاروبار اور سرمایہ کاری کو فروغ و تحفظ دینا چاہتے ہیں: وزیراعظم

کراچی: وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ حکومت ایک مختلف سوچ لے کر آئی ہے جس کے تحت بزنس اور سرمایہ کاری کو فروغ اور تحفظ دینا چاہتے ہیں۔

گورنر ہاؤس میں وزیراعظم عمران خان سے پاکستان اسٹاک ایکسچینج اور تاجروں کے وفد نے ملاقات کی۔

اس موقع پر وزیراعظم نے کہا کہ مارکیٹ میں استحکام لانا چاہتے ہیں، آپ کے پاس اس لیے آیا ہوں تاکہ آپ ہمیں تجاویز دیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان میں سرمایہ کاری کا بہت پوٹینشل ہے اور بیرون ممالک کے سرمایہ کار بھی پاکستان میں سرمایہ لگا رہے ہیں۔

وزیراعظم سے تاجروں اور اسٹاک مارکیٹ کے وفد کی ملاقات سے متعلق جاری اعلامیے کے مطابق وفد نے وزیراعظم کو اسٹاک براکرز اور اسٹاک مارکیٹ کے حوالے سے متعلق امور سے آگاہ کیا۔

اسٹاک مارکیٹ کے وفد نے وزیراعظم کو مالیاتی استحکام کیلئے تجاویز بھی پیش کیں جن میں سے بیشتر تجاویز منظور کرلی گئیں جب کہ وفد کی جانب سے حکومت کی مالیاتی پالیسی پر مکمل حمایت کی یقین دہانی کرائی گئی۔

نوجوانوں کو ہنر سکھا کر بے روزگاری کا خاتمہ کریں گے، وزیراعظم

وزیر اعظم سے معروف صنعت کار اور ایف پی سی سی آئی کے وفد نے بھی ملاقات کی۔ اس دوران اپنی گفتگو میں وزیراعظم نے کہا کہ  درآمدات اور برآمدات میں فرق کو کم کرنے پر بھر پور توجہ ہے ، کاروبار کرنے میں کوئی رکاوٹ نہیں ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو ہنر سکھا کر بےروزگاری کا خاتمہ کریں گے، مقصد غربت کا خاتمہ ہے، پورے ملک میں مساوی ترقی چاہتے ہیں، پاکستان اسی وقت ترقی کرے گا جب کاروبار اور سرمایہ کاری کیلئے ماحول ساز گار ہوگا۔

وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ کرپشن کا مکمل خاتمہ کریں گے، بہت جلد اس مشکل وقت سے نکل آئیں گے،  ہمارے ملک میں کسی چیز کی کمی نہیں، صرف سرمایہ کار دوست ماحول کی ضرورت ہے۔

وزیراعظم سے ارکان قومی و صوبائی اسمبلی کی ملاقات

دریں اثناء وزیر اعظم عمران خان سے پاکستان تحریک انصاف کے ارکان قومی و صوبائی اسمبلی نے بھی ملاقات کی۔گورنر ہاؤس میں ہونے والی ملاقات میں گورنر عمران اسماعیل بھی شریک تھے۔

ملاقات میں خرم شیر زمان، فردوس شمیم نقوی، حلیم عادل شیخ ، وفاقی وزراء فیصل واوڈا، علی زیدی بھی شریک ہوئے۔

ذرائع کے مطابق ارکان اسمبلی نے انسداد تجاوزات مہم کے حوالے سے وزیراعظم کو اپنے تحفظات سے آگاہ کیا۔

اس سے قبل وزیراعظم کراچی پہنچے توگورنر سندھ عمران اسماعیل نے ان کا استقبال کیا جس کے بعد وہ بذریعہ ہیلی کاپٹر گورنر ہاؤس پہنچے جہاں دونوں کے درمیان ون آن ون ملاقات میں سیاسی اور ترقیاتی معاملات پر بات چیت ہوئی۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

This site uses Akismet to reduce spam. Learn how your comment data is processed.

Close