پاکستان

لندن میں مبینہ پراپرٹی سامنے لانے پر فیصل واوڈا عابد شیرعلی پر برس پڑے

کراچی: وفاقی وزیر برائے آبی وسائل فیصل واوڈا، لندن میں جائیداد کا الزام لگانے والے لیگی رہنما اور سابق وزیر مملکت عابد شیر علی پر برس پڑے اور ان کا ذہنی توازن خراب قرار دے دیا۔

واضح رہے کہ حال ہی میں عابد شیر علی کی لندن میں بنائی گئی ایک ویڈیو سامنے آئی تھی، جس میں انہوں نے دعویٰ کیا تھا کہ وہ فیصل واوڈا کی مبینہ پراپرٹی کے سامنے کھڑے ہیں۔

اپنے ویڈیو بیان میں عابد شیر علی نے کہا تھا کہ لندن کی مہنگی ترین اسٹریٹ میں فیصل واوڈا کی جائیداد موجود ہے، جو انہوں نے کراچی میں چائنا کٹنگ اور بھتے کے پیسوں سے بنائی ہے اور جس کی مالیت 40 لاکھ پاؤنڈ ہے۔

عابد شیر علی نے فیصل واوڈا کی مبینہ جائیداد پر چیئرمین نیب سے نوٹس لینے کا بھی مطالبہ کیا تھا۔

آج فیصل واوڈا سے عابد شیر علی کی مذکورہ ویڈیو سے متعلق سوال کیا گیا، جس پر وفاقی وزیر برہم ہوگئے اور انہوں نے لیگی رہنما پر تابڑ توڑ حملے کرتے ہوئے کہا کہ ‘وہ سستی شہرت کے لیے ایسے بیانات دے رہے ہیں، ان کا ذہنی توازن درست نہیں ہے’۔

فیصل واوڈا نے عابد شیر علی کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ‘وہ تو نشے میں کسی بھی عمارت کے سامنے کھڑا ہو جاتے ہیں۔ وہ بکنگھم پیلس کے سامنے کھڑے ہوکر بھی دعویٰ کرسکتےہیں کہ یہ میرا ہے’۔

ساتھ ہی انہوں نے چیلنج کیا کہ ‘دعوے نہ کریں، ثبوت لائیں’۔

وفاقی وزیر فیصل واوڈا کا مزید کہنا تھا کہ ‘وہ عابد شیر جیسے لوگوں کا علاج نہ صرف جانتے ہیں بلکہ کر کے بھی دکھائیں گے’۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

This site uses Akismet to reduce spam. Learn how your comment data is processed.

Close